جمعہ 30 جنوری 2026 - 12:50
مجمع مدیرانِ مدارسِ دینیہ ہند: امتِ اسلامیہ کے عظیم دینی رہبر و مرجع کے خلاف کسی قسم کی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے!

حوزہ/مجمع مدیرانِ مدارسِ دینیہ ہند نے رہبرِ معظم انقلابِ اسلامی حضرت آیت الله العظمیٰ سید علی حسینی خامنہ ای کی حمایت اور خطے میں امریکہ کی حالیہ سرگرمیوں کی مذمت میں ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ امتِ اسلامیہ کے عظیم دینی رہبر و مرجع کے خلاف کسی قسم کی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجمع مدیرانِ مدارسِ دینیہ ہند نے رہبرِ معظم انقلابِ اسلامی حضرت آیت الله العظمیٰ سید علی حسینی خامنہ ای کی حمایت اور خطے میں امریکہ کی حالیہ سرگرمیوں کی مذمت میں ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ امتِ اسلامیہ کے عظیم دینی رہبر و مرجع کے خلاف کسی قسم کی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

بیانیہ کا مکمل متن مندرجہ ذیل اس طرح ہے۔

بسم الله الرحمن الرحيم

وَلَا تَهِنُوا وَلَا تَحْزَنُوا وَأَنتُمُ الْأَعْلَوْنَ إِن كُنتُم مُّؤْمِنِينَ. نہ کمزور پڑو اور نہ غمگین ہو، تم ہی غالب رہو گے اگر تم مؤمن ہو۔

مجمع مدیرانِ مدارسِ دینیہ ہند، اپنے دینی، علمی اور انسانی فریضے کا احساس کرتے ہوئے، جمہوریۂ اسلامی ایران کے خلاف ریاستہائے متحدہ امریکہ اور اس کے بعض اتحادیوں کی جانب سے بڑھتی ہوئی دھمکیوں، معاندانہ فضا سازی اور فوجی تحرکات پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتا ہے۔ یہ اقدامات واضح طور پر بین الاقوامی قانون کے مسلمہ اصولوں، اقوامِ متحدہ کے منشور اور طاقت کے استعمال کی ممانعت کے قطعی قاعدے کے خلاف ہیں اور علاقائی و عالمی امن و استحکام کو شدید خطرے سے دوچار کر رہے ہیں۔

اسلامی فقہ، سیاسی عقلانیت اور بین الاقوامی قانون کے تسلیم شدہ قواعد کی رو سے، کسی بھی قسم کی فوجی دھمکی، سیکیورٹی محاصرہ، اور بالخصوص امتِ اسلامی کے عظیم دینی رہبر و مرجع کے خلاف کھلے یا پوشیدہ طور پر قتل کی سازش، ایک مجرمانہ، غیر قانونی فعل اور ریاستی دہشت گردی کی صریح مثال ہے۔ یہ نہ صرف ایک آزاد و خودمختار ملک کی قومی حاکمیت کی خلاف ورزی ہے بلکہ دنیا بھر کے کروڑوں مسلمانوں کے دینی جذبات کی کھلی توہین بھی ہے۔

مجمع مدیرانِ مدارسِ دینیہ ہند، اس موقع پر رہبرِ معظم انقلابِ اسلامی، حضرت آیت اللہ العظمیٰ امام سید علی خامنہ‌ای (مدّ ظلّه العالی) کے ساتھ اپنی گہری ہمدردی، بھرپور حمایت اور واضح دفاع کا اعلان کرتا ہے اور آپ کو دینی بصیرت، حکیمانہ قیادت، مشروع مزاحمت اور عالمی استکبار و تسلط پسندی کے مقابل عزت مندانہ استقامت کی علامت قرار دیتا ہے۔ آپ کی ذات کے خلاف کسی بھی قسم کی جارحیت، دھمکی یا اہانت، درحقیقت امتِ اسلامی کے وجود پر حملہ اور اخلاقی، انسانی و قانونی اصولوں کی صریح خلاف ورزی ہے۔

یہ مجمع، جمہوریۂ اسلامی ایران کی آزادی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی اصولی حمایت کرتے ہوئے اس بات پر زور دیتا ہے کہ ہر قسم کی بیرونی دھمکی اور جارحیت کے مقابلے میں شرعی دفاع ایرانی قوم کا مسلم حق ہے، جبکہ امریکہ کی فوجی سرگرمیاں کسی بھی جائز دفاعی بنیاد سے محروم ہیں اور انہیں بین الاقوامی جرم اور جارحیت کی واضح مثال قرار دیا جا سکتا ہے۔

تاریخی تجربات اور زمینی حقائق اس امر کی گواہی دیتے ہیں کہ مداخلت پسندانہ پالیسیاں، حد سے بڑھی ہوئی عسکریت پسندی، غیر قانونی پابندیاں اور سیاسی دباؤ نہ کبھی امن کا سبب بنے ہیں اور نہ بن سکتے ہیں، بلکہ یہی پالیسیاں دنیا کے مختلف خطوں خصوصاً مغربی ایشیا میں بحران، بدامنی اور تشدد کے پھیلاؤ کی اصل جڑ رہی ہیں۔

مجمع مدیرانِ مدارسِ دینیہ ہند، ایک علمی اور ذمہ دارانہ رویّے کے تحت، تمام بین الاقوامی اداروں بالخصوص اقوامِ متحدہ، سلامتی کونسل اور انسانی حقوق کے فورمز سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ اپنی قانونی اور اخلاقی ذمہ داریوں کو ادا کریں، طاقت کے استعمال کی دھمکی، ریاستی دہشت گردی اور بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزیوں پر خاموش تماشائی نہ بنیں، اور خطے میں ایک اور انسانی المیے اور بحران کے رونما ہونے کو روکیں۔

ہم اس یقین کا اظہار کرتے ہیں کہ کشیدگی سے نجات کا واحد راستہ باہمی احترام پر مبنی مکالمہ، قانون کی پاسداری، یکطرفہ طرزِ عمل کی نفی اور منصفانہ کثیرالجہتی نظام کا فروغ ہے۔ مدارسِ دینیہ ہمیشہ عادلانہ امن، انسانی وقار، اقوام کی آزادی اور ظلم و جارحیت کے خلاف جدوجہد کے علمبردار رہے ہیں، اور اس راہ میں خاموشی کو جائز نہیں سمجھتے۔

آخر میں، ہم انقلابِ اسلامی کے عظیم رہبر حضرت امام خمینیؒ کی یاد کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں، جنہوں نے الٰہی بصیرت اور تاریخی جرأت کے ساتھ اقوام کو عزت، خودمختاری اور مزاحمت کا درس دیا اور پوری صلابت کے ساتھ فرمایا تھا: امریکہ کوئی بھی غلطی نہیں کر سکتا۔

اور آج بھی امتِ اسلامی اس حقیقت پر یقین رکھتی ہے کہ ہر قسم کی مہم جوئی اور جارحیت کا انجام، جارحین کے لیے ناکامی اور رسوائی کے سوا کچھ نہیں ہوگا۔

نَصْرٌ مِّنَ اللّٰهِ وَفَتْحٌ قَرِيبٌ وَبَشِّرِ الْمُؤْمِنِينَ.

والسّلام علیٰ من اتبع الہدیٰ

مجمع مدیرانِ مدارسِ دینیہ ہند

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha